آر ایس ایس اور بی جے پی پورے ملک میں مسلم نسل کشی کے لیے سیاسی طاقت استعمال کر رہی ہے : آل انڈیا امامس کونسل
نئی دہلی، 20؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )’’ پورے ملک میں آر ایس ایس اور بی جے پی مسلم نسل کشی کے لیے منظم پلاننگ کے تحت کام کر رہی ہے۔ آئے روز کوئی نہ کوئی اشو بنا کر مسلم نسل کشی کی جا رہی ہے۔ حالیہ کشمیر کا حادثہ اس کا زندہ ثبوت ہے‘‘۔ ان باتوں کا اظہار میڈیا سے بات چیت کرتے ہوے آل انڈیا امامس کونسل کے قومی ناظم عمومی مولانا شاہ الحمید باقوی نے کیا۔قومی ناظم عمومی مولانا باقوی نے کہا کہ: ’’ ملک بھر میں ماحول کو خراب کرنے کی پلاننگ بڑی چابک دستی سے چل رہی ہے۔ حکومت کو آئین ہند کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے اور ملک کے ہر صوبے کو بااختیار ہوکر فسادی عناصر کے خلاف کاروائی کرنی چاہیے ‘‘۔آل انڈیا امامس کونسل کے قومی ناظم عمومی مولانا شاہ الحمید باقوی نے کہا کہ:’’اسد الدین اویسی اور ڈاکٹر ذاکر نائک کی میڈیا ٹرائل بھی فسطائی عناصر کی سازش کا نتیجہ ہے۔ اس کے پیچھے جتنے لوگ ہیں ان کی تحقیق کی جائے اور ان کے خلاف قانونی طور پر مقدمہ چلایا جائے‘‘۔آل انڈیا امامس کونسل کے نیشنل جنرل سکریٹری اور قومی ترجمان مفتی حنیف احرارؔ سوپولوی نے کہا کہ : ’’کشمیر میں مسلم نسل کشی منظم سازشوں کا نتیجہ ہے۔ اس پر فوراً روک لگائی جائے اور مجرم اہل کاروں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے‘‘۔کونسل کے قومی ترجمان نے زور دیتے ہوے کہا کہ : ’’آل انڈیا امامس کونسل مرکزی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ : ’’کشمیر میں قتل و خون کے ذمہ داروں کو عدالتی سزا دی جائے۔ آر ایس ایس کی خفیہ سازشوں اور فسطائی عناصر کی فتنہ انگیز بیان بازیوں کے خلاف سخت سخت قانونی کاروائی کی جائے؛ تاکہ ملک میں امن و شانتی اور قومی یکجہتی اور بھائی چارگی کا ماحول برقرار رہ سکے ‘‘۔